خواب میں دہلیز دیکھنے کی تعبیر
حضرت ابن سیرین رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کے گھر کا آستانہ بلند ہوا ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اسی قدر مال و نعمت اور مرتبے کی بزرگی پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے گھر کا آستانہ گرگیا ہے تو دلیل ہے کہ وہ اپنے مرتبے سے گرے گا اور لوگوں میں ذلیل ہو گا اور اگردیکھے کہ اس کے گھر کا آستانہ بارش کی طر ح صاف پانی گراتا ہے تو دلیل ہے کہ اسی قدر مال و نعمت پائے گا۔ اور اگر دیکھے کہ اس کے گھر کے آستانہ سے سانپ اور بچھو گرتے ہیں تو دلیل ہے کہ بادشاہ سے یا حاکم سے اس کو رنج پہنچے گا۔
حضرت کرمانی رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص دیکھے کہ گھر کا آستانہ اس پر گرا ہے اور وہ خود اس کے نیچے پھنس گیا ہے تو اس کی ہلاکت کے خوف سے دلیل ہے ۔ فرمان حق تعالیٰ ہے۔ فخر علیھم السقف من فو قھم (ان پر ان کے اوپر سے چھت گر پڑی ) اور اگر دیکھے کہ اس کے گھر کا آستانہ کئی طرح کے رنگوں سے منقش ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ زینت اور آرائش کے ساتھ دنیا میں اپنی زندگی بسر کرے گا۔
ایک تبصرہ شائع کریں